21 جنوری 2018 - 13:16
دنیا میں امن و ترقی کو کسی ایک ملک کی سرحدوں تک محدود نہیں رکھا جا سکتا

اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب اسحق آل حبیب نے کہا ہے کہ افغانستان پر حملے اور اصولی طور پر علاقے پر کسی بھی قسم کے حملے سے نہ صرف یہ کہ سیکورٹی کی صورت حال بہتر نہیں ہوئی بلکہ اور زیادہ بدتر بھی ہوئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب اسحق آل حبیب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن و ترقی کے درمیان بندھن کے نمونے کی حیثیت سے افغانستان اور وسطی ایشیا میں علاقائی تعاون کے زیر عنواں خصوصی اجلاس میں امن و ترقی کے درمیان پائے جانے والے رابطے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے نقطہ نظر سے افغانستان بین الاقوامی رقابت کے بجائے تعاون کا مقام ہونا چاہئے اور علاقے کے تمام ملکوں اور عالمی برادری سمیت سب کو چاہئے کہ اس موقع سے استفادہ کریں۔

انھوں نے کہا کہ تمام ملکوں کو چاہئے کہ مختلف شعبوں منجملہ بنیادی، تجارتی، سرمایہ کاری، نقل و حمل اور ٹرانزیٹ کے شعبوں میں اپنے اقتصادی تعاون کو بہتر بناتے ہوئے افغانستان میں امن کو فروغ دیں اور خود بھی اس سے فائدہ اٹھائیں۔
اسحق آل حبیب نے کہا کہ دنیا میں امن و ترقی کو کسی ایک ملک کی سرحدوں تک محدود نہیں رکھا جا سکتا۔
انھوں نے کہا کہ امن و ترقی علاقائی اور ہمہ جہتی تعاون کے دائرے میں حاصل ہوتی ہے۔اسحق آل حبیب نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کی تقویت سے دہشت گردی کے خلاف عالمی مہم کو بھی مدد ملے گی۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب اسحق آل حبیب نے کہا کہ ایران نے اپنے اسی نقطہ نظر کے تحت گذشتہ ایک عشرے کے دوران علاقے میں امن کے قیام کے مفید طریقے کی حیثیت سے افغانستان کے ساتھ تعاون کی تقویت پر زور دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک عشرے کے دوران ایران نے افغانستان میں تقریبا پچاس کروڑ ڈالر مالیت کے تین سو سے زائد چھوٹے بڑے منصوبوں پر عمل کیا ہے۔

.......

/169